18 اگست ، 2015
اٹک.......اٹک حملے میں شہید ہونے والے کرنل شجاع خانزادہ کی قبر پر آرمی چیف کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ اٹک کے گاؤں شادی خان میں شہیدِ راہِ حق کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی رہائش گاہ پردعائے مغفرت کے لیے اہم سیاسی و حکومتی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ تعزیت کے لیے آنے والی اہم شخصیات میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور شاہدخاقان عباسی کے علاوہ مولانا سمیع الحق، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب، سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ اور اے این پی کے رہنما میاں افتخارحسین بھی شامل تھے۔دعا کے لیے آنے والوں کا کہنا تھا کہ شہید کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ نے ملت پاکستان کو دہشت گردوں اور انسانیت کے دشمنوں کے خلاف آخری دم تک سینہ سپر رہنے کا عزم مصمم دیا ہے، شجاع خانزادہ کی قربانی مشعل راہ ہے، آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے اس جنگ کو جیتنا ہو گا۔ پاک فوج کے دستے نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی پیش کی۔