17 مئی ، 2012
اسلام آباد … آرمی چیف اور چیئرمین نیب نے ایک ارب 80 کروڑ روپے کے این ایل سی اسکینڈل کیس کی مشترکہ تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کے ترجمان نے جیو نیوزکو بتایا ہے کہ چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کی آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات ہوئی، جس میں طے پایا ہے کہ دونوں ادارے مل کر این ایل سی اسکینڈل کیس کی تحقیقات کریں گے۔ ترجمان کے مطابق این ایل سی اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب اور فوج کے مشترکہ اجلاس ہوتے رہتے ہیں، این ایل سی کے فنانس افسر سعیدالرحمان سے تفتیش کی گئی ہے جبکہ ملزم فوجی افسران لیفٹیننٹ جنر ل (ر) افضل مظفر، لیفٹیننٹ جنر ل (ر) خالد منیر اور میجر جنرل (ر) خالد ظہیر اخترسے فوج کا ادارہ تفتیش کررہا ہے۔ ترجمان نے بتایاکہ ان ملزمان نے این ایل سی میں تعیناتی کے دوران بینک قرض اور ملازمین کے فنڈز سے اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 4 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی تھی اور این ایل سی کو اس غلط سرمایہ کاری کی وجہ سے ایک ارب 80 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔