17 مئی ، 2012
سری نگر … بھارتی سیکریٹری داخلہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ سیکریٹری داخلہ مذاکرات میں حافظ سعید کا معاملہ اٹھائے گا، پاکستان میں پناہ لئے ہوئے مجرموں پر بھی بات ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پونچھ کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھارتی سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ نے کہا کہ پاک بھارت سیکریٹری داخلہ مذاکرات میں پاکستان میں پناہ لئے ہوئے مجرموں پر بھی بات ہوگی اور ان جرائم پیشہ افراد کی حوالگی بھی زیر غور آئے گی جو بھارت کی معلومات کے مطابق پاکستان میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہے اور اس کے متعلق بات چیت لازمی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ پونچھ کا مقصد باہمی تجارت کے انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔ بھارتی سیکریٹری داخلہ نے واضح کیا کہ پاک بھارت تجارتی سرگرمیوں کی سیکیورٹی بھی اہم ہے اور ان کا جائزہ لینا ضروری ہے۔