24 اگست ، 2015
کراچی ........کراچی میں لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم افراد نے آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کے عملے کی گاڑی پر فائرنگ کردی ، واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیل عملے نے نجی دورے کیلئے سرکاری گاڑی بغیر سیکیورٹی استعمال کی ۔ گلشن اقبال عیسٰی نگری کے قریب آئی جی جیل خانہ جات کے اسکواڈ کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی گئی، جب عملے کے افراد حیدر آباد سے کراچی واپس آ رہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق عملے نے ہفتہ وار تعطیل کے لیے بغیر سیکیورٹی گاڑی کا استعمال کیا جو پولیس قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے تین خول اور دیگر شواہد جمع کر لیے ہیں ۔ ملزمان کی تلاش میں قریبی آبادیوں میں جلد سرچ آپریشن کیا جائے گا۔