27 اگست ، 2015
کراچی...... اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم کو ٹڈاپ کرپشن کیس میں گرفتار کر کے 10ستمبرتک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم سمیت دیگر ساتھیوں کے خلاف ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) میں کرپشن سے متعلق تفتیش مکمل کرتے ہوئےمزید12نئےمقدمات کے حتمی چالان عدالت میں پیش کردیئے۔ ایف آئی اے کی جانب سے پیش کئے گئے حتمی چالان میں پیپلزپارٹی کے دونوں رہنماؤں سمیت دیگر کو مفرور قرار دیا جس پر عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم سمیت دیگر کو 10 ستمبر تک گرفتارکرکے پیش کرنے کا حکم دیااور چالان منظور کرلیا۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے دونوں رہنما 12 مختلف مقدمات میں پیش ہوکراپنی ضمانتیں کروا چکے ہے، جبکہ ٹڈاپ کرپشن کیس سے متعلق یوسف رضا گیلانی اور امین فہیم ودیگر پر70سے زائد مقدمات ہیںجن میں سے ایف آئی اے نے 24مقدمات کے حتمی چالان عدالت میں جمع کرادیئے ہیں۔ٹڈاپ کیس کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم کی عدالت میں ہوئی۔