27 اگست ، 2015
کراچی......سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کمشنر کراچی کوشیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکرز کی منتقلی کا کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔سپریم کورٹ میں شیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکرز کی منتقلی کے معاملے کی سماعت پرعدالت نےکمشنر کراچی کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آئل ٹینکرز کی منتقلی کے احکامات جاری کیے۔عدالت کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی پر اعتماد ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز بھی اعتماد کرتے ہیں،لہذاٰ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ذوالفقار آباد ٹرمینل میں تمام ضروریات پوری کرائیں اور اس سلسلے میں حکومت سندھ مکمل مدد فراہم کرے۔دوران سماعت آئل کمپنیوں کے وکیل ضیاء اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ شیریں جناح کی سڑکوں سے آئل ٹینکرز ہٹا کر اطراف کی گلیوں میں پارک کر دیے گئے ہیں کیونکہ آئل کمپنیوں خصوصا ایڈیبل آئل کمپنیوں نے دوسرے فیز کیلیے فنڈز جمع نہیں کرائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ شیریں جناح کالونی سے جو ٹینکرز ہٹائے گئے ہیں وہ دوبارہ نہیں آنے چاہئیں۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام اداروں اور کمپنیوں کو آن بورڈ لے کر عدالتی حکم کی تعمیل کرائیں اور جو کمپنیاں ادائیگی نہیں کر رہیں انکوطلب کر لیں۔عدالت نے کمشنر کراچی کو تمام معاملات طے کرکے آئندہ پیر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔