دنیا
04 ستمبر ، 2015

برطانیہ مزید شامی پناہ گزینوں کو پناہ دے گا، ڈیوڈ کیمرون

برطانیہ مزید شامی پناہ گزینوں کو پناہ دے گا، ڈیوڈ کیمرون

لندن.........ترکی کے ساحل سے ملنے والی شامی بچے کی لاش نے عالمی ضمیر بیدار کردیا۔ برطانیہ نے مزید پناہ گزینوں کو پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی یورپی یونین سے دو لاکھ سے زائد تارکین وطن کو اپنے ممالک میں جگہ دینے کی اپیل کی ہے۔ترکی کے ساحل نے دیکھا ایک ننھا فرشتہ، جو اپنی ماں کے ساتھ سفر پر نکلا لیکن منزل پر نہ پہنچ سکا ۔ تین سالہ شامی بچے ایلان کی تصویر دیکھ کرہرآنکھ چھلک پڑی۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے شامی بچے کی کئی تصویریں شیئر کیں، ہنستی کھیلتی ننھی جان کی تصویروں نے دنیا بھر کو جھنجھوڑ کررکھ دیا۔ کارٹونسٹ کے قلم نے بھی ننھے بچے کے ساتھ ہوئے حادثے کو کچھ ایسے کاغذ پر منتقل کیا کہ الفاظ کی ضرورت ہی نہیں رہی اورآنکھوں میں آنسو کم پڑگئے ۔ پناہ گزینوں کے معاملے پر عالمی درجہ حرارت بڑھا، تو برطانیہ کی طرف سے مزید ہل چل دیکھنے میں آئی اور مزید شامی پناہ گزینوں کو پناہ دینے کا اعلان کیا گیا، البتہ پناہ گزینوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ اس حوالے سےڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ برطانیہ پناہ گزینوں کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ پناہ گزینوں کا معاملہ اس قدر سنگین ہوتا جارہا ہے کہ انٹرنیشنل میڈیا نے یہاں تک کہہ دیا کہ یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ کے لیے سب سے بڑا ٹیسٹ ہے۔

مزید خبریں :