13 ستمبر ، 2015
لاہور........لاہور میں بلدیاتی انتخابات کےسلسلے میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی دستبرداری کے لیے لاہور پولیس میدان میں آگئی۔ امیدواروں سے دستبرداری کے لیے حلف لیے جانے لگے جبکہ پولیس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس افسران پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے لاہور کی یو سی 258 سے تحریک انصاف کے امیدوار شفقت ملک کو دستبردار کرانے کے لیے حلف لیا۔
حلف لیے جانے کے موقع پر ایس ایس پی ڈسپلن سہیل سکھیرا، ایس پی سی آئی عمر ورک، سابق سی سی پی او چودھری شفیق گجر اور دیگر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ان تصاویر میں معروف سیاسی شخصیات ملک اسد، ملک مدثر اور ان کا بھائی ملک گوگا بھی شریک ہیں۔ ملک گوگا یوسی 258 سے چیئرمین شپ کے امیدوار ہیں۔
اس بارے میں ایس پی سی آئی اے لاہور عمر ورک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی امیدوار کو دستبردار نہیں کرایا، یہ تصاویر قتل کے فریقین کے درمیان صلح کے موقع کی ہیں۔