پاکستان
13 ستمبر ، 2015

وفاقی اداروں کے چھاپے، سندھ حکومت کا مزاحمت کا فیصلہ

وفاقی اداروں کے چھاپے، سندھ حکومت کا مزاحمت کا فیصلہ

کراچی........وفاقی اداروں کے سندھ میں تابڑ توڑ چھاپوں سے تنگ آئی صوبائی حکومت نے آخر کارمزاحمت کا فیصلہ کر لیا۔ سینئر وزراء نے کہا کہ شریف برادران خود بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران مہنگے ترین منصوبے بنا کر کرپشن کی راہ ہموار کررہے ہیں، وزیر اعظم مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہ بلا کر آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

کراچی میں صوبائی وزراء نثار کھوڑو اور سکندر میندروکے ہمراہ سندھ کے سینئر وزیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کی۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت توانائی کا بحران حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ایک من پسند کمپنی کو فائدہ دے رہی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ اور قائد اعظم سولر پاور منصوبے کے بارے میں دعوے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو صرف سندھ میں کرپشن نظر آ رہی ہے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ ہو یا کوئی اور شعبہ ، سب میں میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف خود شراکت دار ہیں، سندھ حکومت یہ تمام معاملات مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانا چاہتی ہے۔

وزراء کا کہنا تھا کہ سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلے صوبے کا حق ہے، کسی اور صوبے میں نہیں لے جانے دیں گے، اس کی مزاحمت کی جائے گی۔

مزید خبریں :