14 ستمبر ، 2015
لندن....... برطانوی ماہرین نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے اثرات کے نتیجہ میں رواں سال اور آئندہ سال بھی اوسط درجہ حرارت ریکارڈ بلند سطح تک رہنے کا امکان ہے ۔
برطانوی محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری 20صفحات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں سامنے آنے والی ماحولیاتی تبدیلیاں گلوبل وارمنگ کا نتیجہ ہیں۔
بحرالکاہل میں خط استوا کے قریبی علاقوں میں سطح سمندر کے اوسط درجہ حرارت میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ (ال نینو) معمول سے زیادہ شدت سے جاری ہے ۔ اس صورتحال میں آئندہ چند ماہ میں مزید شدت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے جس کے نتیجہ میں ایشیاء ، آسٹریلیا اور شمالی افریقہ کے بعض علاقے شدید خشک سالی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ جبکہ امریکا کے جنوب مغربی حصوں خصوصاً اس وقت خشک سالی اور جنگلات میں شدید آگ سے متاثرہ ریاست کیلیفورنیا میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں۔