19 مئی ، 2012
دھرم شالہ … انڈین پریمیئر لیگ 5 کے میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے کنگز الیون پنجاب کو 6 وکٹ سے ہرادیا، ڈیوڈ وارنر نے 79 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ دھرم شالہ میں ہماچل پردیش کرکٹ ایسو سی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف دیا جو دہلی ڈیئر ڈیولز نے 18.2 اوورز میں صرف 4 وکٹ پر پورا کرلیا، آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے، وینو گوپال راوٴ 21 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ انمکٹ چاند 18 ، عرفان پٹھان5 اور مہیلا جے وردھنے صرف8 رنز بناسکے۔ پنجاب کی جانب سے ریان ہیرس اور اظہر محمود نے 2 ، 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل دہلی کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے کنگز الیون پنجاب مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز بناسکا، صرف 20 رنز پر ان کا ٹاپ آرڈر واپس پویلین لوٹ چکا تھا۔ سدھارتھ چتنس اور اظہر محمود نے ٹیم کو سنبھالا ۔ چتنس 32 گیندوں پر 38رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ اظہر محمود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 36 رنز بنائے ، گرکیرت سنگھ 26 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جبکہ ریان ہیرس نے 6 گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ناٹ آوٴٹ 15 رنز بنائے۔ دہلی ڈیئر ڈیولز کے مورن مورکل نے 4 اور امیش یادیو نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔