دنیا
17 ستمبر ، 2015

گرفتاری سے وائٹ ہاؤس تک، احمد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا

گرفتاری سے وائٹ ہاؤس تک، احمد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا

آسٹن....... ٹیکساس میں سائنس پروجیکٹ بنانے والا بم کے مغالطے میں گرفتار مسلمان طالبعلم احمد محمد کو امریکی صدر براک اوباما نے وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی ہے گرفتار کر نے پر اساتذہ، عوام، سائنسدانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسکول انتظامیہ اور پولیس کو شدید نتقید کا نشانہ بنایا امریکی اسکول میں زیر تعلیم نوعمر لڑکے احمد محمد کے والدین کا تعلق سوڈان سے ہے۔

گزشتہ روز اس ذہین طالب علم نے اپنے اسکول کیلئے ایک پروجیکٹ تیار کیا تھا جو گھڑی کی صورت میں تھا جب کہ اسکول انتظامیہ نے اس گھڑی کو بم سمجھتے ہوئے پولیس کو طلب کیا اور طالب علم کو پولیس کی حراست میں دے دیا گیا۔

نوعمر طالبعلم کی ناسا کی ٹی شرٹ پہنے ہتھکڑی لگی تصاویر نے امریکا بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑادی اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے علاوہ اس طالب علم کی حمایت میںI StandWith Ahmed کا ہیش ٹیگ مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

امریکا میں مسلمانوں کی کونسل نے اس واقعے کو مسلمانوں سے نفرت اور خوف کی ایک مثال قرار دیا ہے اور اب تک اس طالب علم سے وابستہ 10 لاکھ ٹویٹس کیے جاچکے ہیں اور لوگوں نے احمد کی حمایت میں وال کلاک لے کر تصاویر پوسٹ کی ہیں۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان ارنسٹ نےکہاہے کہ احمد محمد کو اگلے ماہ ناسا کے خلانوردوں کے اعزاز میں ہونے والی ایک تقریب میں مدعو کیاگیا ہے ۔ احمد نے بھی صدر اوباما کی دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ وہ وائٹ ہاؤس جائیں گے۔ احمد نے بتایا کہ وہ فارغ اوقات میں مختلف اشیا بناتے رہتے ہیں ۔

مزید خبریں :