18 ستمبر ، 2015
کراچی...... اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے الحاق کے قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے والے اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں کم نتائج کے حامل تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے خصوصی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی، سیکرٹری پروفیسر قاضی ارشد حسین صدیقی کے علاوہ انسپکٹر آف کالجز عطاء الرحمن اور ڈپٹی سیکرٹری محمد جعفر شامل ہیں۔
ٹیم نے مختلف اسکولوں کے دورے کئے اور ان کے تعلیمی معیار، اساتذہ کی قابلیت، ان کی تنخواہوں، عمارات ، طلباء اور اساتذہ کی حاضری اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا اور بعد ازاں اپنے مشاہدے میں آنے والے معاملات، تحفظات اور سفارشات پر مبنی رپورٹس چیئرمین کو پیش کیں۔
چیئرمین محمد اختر غوری کے مطابق تعلیمی اداروں کے خلاف شروع کی گئی کارروائی کے دائرہ کار کو بڑھایا جارہا ہے اور آئندہ چند روز میں مزید تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کئے جائیں گے ۔