20 مئی ، 2012
لندن ... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایسالگتا ہے حکمرانوں نے365 ملین ڈالر میں اپنے آپ کو بیچ دیا ہے۔ 24 فوجیوں کو 90 منٹ تک فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اور اس کی معافی بھی نہیں مانگی گئی لندن میں جیو نیوز سے خصوصی گفت گو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف پارلیمنٹ کی 3 قراردادیں آچکی ہیں۔ہر قرارداد میں کہا گیا کہ ڈرون حملے ناقابل قبول ہیں۔ جب تک یہ نہیں رکتے نیٹو سپلائی بند رہے گی۔ان کاکہناتھا حکمران مکمل طور پر امریکا کی غلامی کر رہے ہیں،جیسے امریکا کہتا ہے ویسے اس کی خدمت کررہے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نیٹو سپلائی کھولنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہو کر پاکستانیوں کو کچھ نہیں ملے گا۔ صرف حکومت کو تھوڑے سے پیسے مل جائیں گے۔ انھوں نے کہا مسلم لیگ(ن)کو اگرتحریک انصاف سے خوف نہیں تو وہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کیوں بانٹ رہے ہیں،عوام فیصلہ کر چکے ہیں، اب سونامی کو کوئی نہیں روک سکتا۔