22 ستمبر ، 2015
فیصل آباد ......سینٹرل جیل فیصل آباد میں قتل کے مجرم عبدالباسط کی پھانسی روک دی گئی، باسط نے 2008 میں رشتے کے تنازع پر ایک شخص کو قتل کیا تھا ۔
فیصل آباد سنٹرل جیل میں قید سزائے موت کا 43 سالہ مجرم عبدالباسط فیصل آباد کے علاقے پٹھان والا کا رہائشی اور جناح کالونی میں ایک نجی میڈیکل کالج میں انتظامی عہدے پر فائز تھا ۔
مجرم نے 31 مارچ 2008ء کو اوکاڑہ میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ کر کے لڑکی کے ماموں آصف ندیم کو قتل کر دیا تھا، 2009ء میں مجرم عبدالباسط کو ساہیوال جیل سے فیصل آباد کی سنٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں 2010ء میں بیماری کے باعث ٹانگوں کی معذوری کا شکار ہو گیا ۔
اس سے پہلے مجرم کو پھانسی دینے کے لئے 29 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی ،تاہم لاہور ہائیکورٹ میں مجرم کی معذوری کے پیش نظر سزا ختم کرنے کی اپیل دائر ہونے پر سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا تھا ۔
10 ستمبر کو ہائیکورٹ سے درخواست مسترد ہونے پر سیشن جج ساہیوال نے مجرم کو 22 ستمبر کو پھانسی دینے کے احکامات جاری کئے۔