23 ستمبر ، 2015
ٹیکساس......امریکا میں مذہبی منافرت کا نشانہ بننے والے کلاک میکر، 14 سالہ احمد محمد نے اپنا وہ اسکول چھوڑ دیا ہے جس کی ٹیچر کے کہنے پر پولیس نے نوعمر ٹیکنالوجی لوَر کو ہتھکڑیاں پہنا دی تھیں ۔
ٹیکساس کےمک آرتھر اسکول سے بالاخر احمد نے رخصت لے لی،وہی اسکول جہاں وہ فخریہ انداز میں اپنی ایجاد’’ڈیجیٹل کلاک‘‘ٹیچرز کو دکھانے لایا لیکن بم کا الزام لگنے پر دھر لیا گیا۔
صرف احمد ہی نہیں بلکہ اس کے والد محمد الحسن محمد کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے تمام بچوں کو علاقے کے اسکولوں سے ہٹا لیا ہے۔محمد کے بقول اس گرفتاری نے ان کے بیٹے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
احمد کے والد کے بقول احمد کو کئی اسکولوں سے داخلے کی پیشکش کی گئی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ احمد کو وقت دینا چاہتے ہیں۔ احمد کا پورا خاندان نیویارک جا رہا ہے جہاں اقوامِ متحدہ کے عمائدین ان سے ملاقات کریں گے۔
محمد اپنے بیٹے کو عمرہ کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ لے جانا چاہتے ہیں، وہاں سے واپسی پر ان کا ارادہ وائٹ ہاؤس میں صدر اوباما سے ملاقات کا ہے۔