پاکستان
26 ستمبر ، 2015

وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے

وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے

نیویارک..........اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم نوازشریف نیو یارک پہنچ گئے۔ جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70ویں سالانہ اجلاس سے 30ستمبر کو خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف کانفرنسوں اور اجلاسوں میں شرکت بھی کریں گے۔

وزیراعظم آج ساوتھ کوآپریشن کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس کی صدارت چینی صدر شی جن پنگ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون مشترکہ طور پر کریں گے جبکہ اتوار کے روز چین اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق عالمی رہنماوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اسی روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات کے علاوہ اقوام متحدہ کے تحت سالانہ ترقیاتی اہداف سے متعلق اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

28ستمبر کو سیکریٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے سربراہ مملکت اور ان کی بیگمات کے اعزاز میں دیے جانے والے ظہرانے میں وزیراعظم، خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ 29 ستمبر کو صدر بارک اوباما اور خاتون اول مشل اوباما کی جانب سے نیویارک کے پیلیس ہوٹل میں ایک استقبالیے کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں وزیراعظم نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز شرکت کریں گے۔

جنرل اسمبلی کے 70ویں سالانہ اجلاس کا افتتاحی سیشن 29ستمبر کو ہوگا۔ دورے میں وزیراعظم سے مختلف عالمی رہنما بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں جرمن چانسلر اینجیلا مرکیل، سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوون، سنیگال کے صدر ہیکی سال، اطالوی وزیراعظم میٹیو رنزی، ترک وزیراعظم احمد داود اولو شامل ہیں۔ 30ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد وزیر اعظم نیویارک سے لندن روانہ ہوں گے اور 3اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

مزید خبریں :