26 ستمبر ، 2015
قاہرہ......حافظ محمد نعمان......مصر کے صوبےسینائی میں سڑک کنارے بم دھماکے میں 2پولیس اہلکار ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔ مصری وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سڑک کنارے کھڑی کار میں داعش کے جنگجوئوں کی جانب سے بم نصب کیا گیا تھا۔
مصری وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق بم دھماکا اس وقت ہوا جب صوبے سینائی کے دارالحکومت العارش میں مصری سیکیورٹی فورسز کا قافلہ سڑک کنارے سے گزر رہا تھا۔ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 5 سیکیورٹی اہلکار اس دھماکے میں ہلاک ہوئے۔
مصری وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اب تک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی، تاہم اس علاقے میں ولایت سینائی گروہ متحرک ہے اور اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
جزیرہ نما سینائی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردکارروائیوں پر مصری حکومت قابو پانے میں مصروف ہے۔ جولائی 2013ء میں جب ملٹری ڈکٹیٹر شپ نے ملک کے پہلے جمہوری صدر ’’محمد مرسی‘‘ کا تختہ الٹا، تب سے سینائی میں عسکریت پسندی اور دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔
ولایت سینائی گروہ اس سے قبل انصار بیت المقدس کے نام سے جانا جاتا تھا جو گزشتہ سال نومبر میں داعش کی بیعت کرکے اس میں شامل ہوا ہے۔