پاکستان
28 ستمبر ، 2015

قومی ائر لائن سے 354 حجاج کراچی پہنچ گئے

قومی ائر لائن سے 354 حجاج کراچی پہنچ گئے

کراچی......قومی ائرلائن کی حج پرواز آج 354 حاجیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی۔ حج کی سعادت نصیب ہونے پران حجاج کرام کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو بھی تھے لیکن ساتھیوں کی شہادت کا افسوس بھی رہا۔

حجاج کرام کو لے کر قومی ائرلائن کی پہلی پرواز دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد دن بارہ بجے کراچی پہنچی۔ پی کے 6302 میں جدہ سے آنے والے 354 حجاج کا استقبال چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر نے کیا۔ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اپنے پیاروں سے ملنے کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

حجاج کا کہنا تھا کہ انتظامات اچھے تھے لیکن بد نظمی کے باعث افسوسناک سانحہ پیش آیا۔سعادت حج نصیب ہونے کی خوشی ایک جانب لیکن منی حادثے میں اپنے ہم وطنوں کو کھو دینے کا دکھ وہ بھلا نہیں پارہے۔

ذرائع پی آئی اے کے مطابق جدہ میں حاجیوں کے رش اور روڈ بلاک ہونے کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔اِدھرسعودی عرب سے حجاج کرام کولے کر آنے والی پہلی فلائٹ پشاور پہنچ گئی۔ وطن بخیریت واپس پہنچنے پر حجاج کرام نے شکر ادا کیا۔ منی سانحے پر حاجیوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کسی نے واقعے کو سازش قرار دیا تو کسی نے اسے محض ایک سانحہ قرار دیا۔

مزید خبریں :