29 ستمبر ، 2015
جدہ ......سعودی عرب مین پاکستان کے سفیر نے کہا ہے کہ منیٰ حادثے میں شہید ہونے والے 44 پاکستانیوں کی فہرست تصدیق شدہ نہیں ،ان کے پاس صرف 14 میتیں پہنچائی گئی ہیں ، فہرست میں غلطی ہوسکتی ہے۔
سانحہ منیٰ میں درجنوں پاکستانی شہید ہوئے جن کی تعداد مسلسل بڑھنے کا اندیشہ ہے،پاکستانی سفارتخانہ اور حج مشن شہدا کی جو فہرست دے رہا ہے وہ جعلی ہے،لواحقین شہدا کی تصدیق کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں، لیکن کوئی نہیں جو ان کو مطمئن کردے، کہ ان کے پیار ے دنیا میں ہیں کہ نہیں،
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرمنظورالحق نے انکشاف کیا ہے کہ منیٰ حادثے میں شہید ہونے والے 44 پاکستانیوں کی فہرست تصدیق شدہ نہیں،ہمارے پاس صرف 14 میتیں پہنچائی گئی ہیں ، فہرست میں غلطی ہوسکتی ہے،شہداء کی لسٹ میں 23 نمبر پر موجود توصیف افتخار کی شہادت کی تصدیق کے لیے ان کے لواحقین منڈی بہاؤالدین سے اسلام آباد پہنچ گئے مگر وزارت میں تو کسی کو کچھ پتہ نہیں۔
لسٹ میں توصیف افتخار کی شہادت کی تصدیق کرنے والا امجد خان بھی مکر گیا کہ اس نے ان کی میت دیکھی ہے، امجد خان نے لواحقین کو بتایا کہ توصیف افتخار بس ان کے ساتھ تھا پھر گم ہو گیا۔
جیو نیوزنے اس معاملے پر جب سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظورالحق سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ سانحہ منیٰ کی جاری کردہ 44شہید افراد کی لسٹ کنفرم نہیں، ہم نے 44شہداء کی لسٹ دے دی مگرصرف 14 میتیں ہمارے پاس آئیں جن کی تدفین کی۔
باقی شہداء کی میتیں ابھی ہمارے پاس نہیں ہیںنہ ان کی کوئی تصویر ہے،لسٹ میں غلطی ہو سکتی ہے۔اب سوال یہ ہے کہ لواحقین اپنے پیارے کے بارے میں معلومات کے حصول کیلئے کونسا دروازہ کھٹکھٹائیں؟،جہاں سے جواب بھی مل جائے۔