29 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ......پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ نے لودھراں میں ہارنے کے خوف سے امتناع لےلیا ،لیگیوں کو صرف اپنا کاروبار چلانے کا تجربہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی اپنے امپائر کے بغیر میچ نہیں کھیلا،وہ لاہور کے جلسوں کیلئے بدھ30ستمبر سے بھر پور مہم چلائیں گے، عوام کو باہر نکالیں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ این اے 122 میں ایک ، ایک پولنگ اسٹیشن پر بھر پور مقابلہ ہو گا، ن لیگ پنجاب پولیس کے سہارے کے بغیر الیکشن نہیں لڑ سکتی۔
عمران خان این اے 122کی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز 30ستمبر کو لاہور پہنچ کر کریں گے ۔تحریک انصاف لاہور کے ترجمان فرخ جاوید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان بدھ کی دوپہر دو روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے۔
ترجمان کے مطابق عمران خان کی 2 روزہ دورے میں 50 پارٹی دفاتر کی افتتاحی تقریبات میں شرکت متوقع ہے۔