30 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ......سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مجھ پرمالی بدعنوانی نہیں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے ،یہ الزام بھی جھوٹے ثابت ہوں گے ۔
رینٹل پاور کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے سے پہلے تحقیقات ہونی چاہیے۔
راجا پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ینٹل پاور کے معاملے پرخواجہ آصف میرے خلاف سپریم کورٹ گئے، اب وہ وزیرپانی وبجلی ہیں اور کابینہ نے رینٹل پاور کی منظور دیدی ،بات یہ ہے کہ جو کام ہم کریں تو غلط اور وہ کریں تو درست ہے۔
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف سمندری رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی، عدالت نے کہا کہ ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ بھی آئندہ سماعت پر ہو گا
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے سابق سمندری رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش ہو گئے اور آئندہ کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جس پرفیصلہ آئندہ سماعت پر کیا جائے گا۔
راجا پرویز اشرف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف نوڈیرو ون رینٹل پاور ریفرنس اسی عدالت میں 9 اکتوبر کے لیے مقرر ہے لہذا آئندہ سماعت ایک ہی روز کر لی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔