30 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ......ایف بی آر نے پی آئی اے کو ایک ارب 70 کروڑ روپے انکم ٹیکس کی ادائیگی کیلئے آج تک کی ڈیڈ لائن دیدی ہے ۔ عدم ادائیگی کی صورت میں قومی ائر لائن کے چیف فنانشل آفیسر سمیت دیگر افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائینگے۔
ایف بی آر کی جانب سے پی آئی اے کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ قومی ائر لائن کو انکم ٹیکس کی مد میں 1 ارب70 کروڑ روپے 30ستمبر تک اداکرنے ہیں، عدم ادائیگی کی صورت میں فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005کے تحت چیف فنانشل آفیسر سمیت دیگر افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جائینگے۔
پی آئی اے نے مارچ ،اپریل،مئی 2015میں بین الاقوامی ٹکٹس کی فروخت پر وصول کی جانے والی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 15ستمبر تک جمع کرانی تھی، جس میں قومی ائر لائن ناکام رہی ہے۔
اس کے بعد 29ستمبر تک مزید وقت دیا گیا تھا، لیکن اس میں بھی پی آئی اے واجبات جمع کرانے میں ناکام رہا۔