30 ستمبر ، 2015
لاہور .......روزگار کی تلاش میں یورپ جاتے ہوئے کشتی ڈوب جانے سے ہلاک ہو جانے والے 8 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچادی گئیں ، 26 اگست کو یونان کے قریب ہونے والے حادثے میں 250 افراد ڈوب گئے تھے ۔
26اگست کو اٹلی کے قریب پیش آنیوالے کشتی حادثے میں مرنیوالے 250افراد میں سے 15کا تعلق پاکستان سے تھا،جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے،جن کی میتیں ورثا کے سپرد کردی گئی ہیں۔
دو چھوٹی کشتیوں میں سوار 500 سے زائد افراد نے لیبیا سے گہرے سمندر میں سفر کا خطرہ مول لیا۔ 2 سو سے زائد افراد کیلئے یہ آخری سفر ثابت ہوا، جن میں 15 پاکستانی بھی شامل ہیں ۔
100 کے قریب لاشیں لیبیا میں زورارا کے ساحل تک آگئیں، یورپی جہازوں کے عملے نے 200 کے قریب افراد کو بچا لیا اور ان سمیت لاشوں کو اٹلی کے شہر سسلی منتقل کردیا ۔
مرنے والے 15بدقسمت پاکستانیوں میں سے 8 کی میتیں آج پاکستان منتقل کردی گئیں جبکہ پانچ کی وہیں تدفین کردی گئی ہے ۔ دو افراد کی متیں بعد میں پاکستان منتقل کی جائیں گی ۔
مشرق وسطیٰ ، افریقا اور افغانستان سمیت مختلف ملکوں کے لاکھوں افراد جنگ سے فرار اور بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ تک پہنچنے کیلئے زندگی کو بے پناہ وسیع سمندر اور خطرناک موجودں کے سپرد کررہےہیں ۔ رواں سال 2000 سے زائد افراد مختلف حادثات میں موت کے منہ میں جاپہنچے ہیں۔