30 ستمبر ، 2015
کابل.......قندوز پر طالبان کے قبضے کے بعد نیٹو فورسز افغان افواج کی مدد کیلئے قندوز پہنچ گئیں۔ نیٹو افواج کے ترجمان کے مطابق نیٹو فورسز قندوز میں موجود ہیں جو اپنے افغان ہم منصبوں کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں، اتحادی افواج امریکی، برطانوی اور جرمن فوجیوں پر مشتمل ہیں۔
غیرملکی خبر اینجنسی کے مطابق نیٹو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے گزشتہ روز سے اب تک 3 فضائی حملے کیے گئے، جن میں سے ایک قندوز شہر کے مضافات اور دو حملے ائرپورٹ کے قریب کیے گئے، جس پر طالبان قابض ہیں۔
سالوں بھاری قیمت ادا کرنے کے بعد نیٹو افواج کی بھاری اکثریت کا گزشتہ سال کے اختتام تک انخلاء ہوچکا ہے۔ اس کے 13ہزار کے لگ بھگ رہ جانے والے فوجی تربیت اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغانستان میں موجود ہیں۔
نیٹو افواج کی واپسی کے 9ماہ بعد طالبان کا قندوز پر قبضہ ناصرف افغان افواج کی جنگی صلاحیتوں پر بلکہ امریکی افواج کے اگلے سال متوقع انخلاء پر بھی سوالیہ نشان ہے۔