انٹرٹینمنٹ
02 اکتوبر ، 2015

چاکلیٹی ہیرووحید مرادکی 77 ویں سالگرہ

چاکلیٹی ہیرووحید مرادکی 77 ویں سالگرہ

کراچی ......پاکستانی فلم انڈسٹری میں چاکلیٹی ہیرو کے نام سے شہرت پانے والے لیجنڈ اداکار وحید مراد کے چاہنے والےآج ان کی 77 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

1962 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے وحید مراد کی ہیرو شپ ان کی ذاتی فلم ’ہیرا اور پتھر‘ سے شروع ہوئی، دلیپ کمار کے بعد وحید مراد وہ دوسرے ہیرو تھے جن کا ہیر سٹائل اور لباس ضرب المثال بنا۔

اپنے کیرئیرکے دوران انہوں نے ’ اولاد‘‘ سے لے کر’’زلزلہ‘‘تک کل 125 کے قریب فلموں میں کام کیا جن میں سے بیشتر سپرہٹ ہوئیں۔وحید مراد کی 125 فلموں میں سے ایک فلم ’’شبانہ‘‘ نے ڈائمنڈ جوبلی بنائی جب کہ تین فلموں نے پلاٹینم جوبلی، 28 فلموں نے گولڈن جوبلی، 55 فلموں نے سلور جوبلی بنائی اور وحید مراد کی صرف 28 فلمیں ناکامی سے دوچار ہوئیں۔

انہیں 1964ء میں ہیرا اور پتھر، 1966ء میں ارمان،1969ء میں عندلیب اور1971ء میں مستانہ ماہی میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ جبکہ 2002ء میں لائف ٹائم لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

وحید مراد کی وفات کے 27سال بعد نومبر 2010میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ پاکستان کی فلمی صنعت میں 60 اور70کی دہائیوں کو وحید مراد کا زمانہ قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس دور میں متعدد اداکار ابھر کر ضرور سامنے آئے لیکن وہ وحید مراد کے برابر کبھی نہ آسکے۔

اپنے عروج کے دوران لاکھوں دلوں پر راج کرنیوالا یہ خوبصورت فنکار صرف45 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگیا مگر ان کے مداح آج بھی انہیں بھلا نہیں پائے۔

مزید خبریں :