02 اکتوبر ، 2015
لاہور.......لاہورکی ضلعی انتظامیہ کومسیحی جوڑوں کی شادی کے اندراج اور انہیں میرج سرٹیفکیٹ دینے کا خیال آ ہی گیا۔ اب مسیحی جوڑے بھی نادرا کا میرج سرٹیفیکیٹ حاصل کرسکیں گے۔
لاہور میں بسنے والی مسیحی برادری کو شناختی کارڈ، پیدائش اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ تو نادرا سے ملتا ہے، تاہم شادی کے بعد انہیں صرف چرچز سے سرٹیفکیٹ جاری ہوتا تھا۔ اب ضلعی انتظامیہ نے مسیحی جوڑوں کی سہولت کے لیے شادی کی رجسٹریشن یونین کونسل میں کرانے کا بندوبست کر دیا ہے، یہیں سے انہیں میرج سرٹیفکیٹ بھی ملے گا۔
اس مقصد کے لیے مختلف علاقوں میں 57 رجسٹرار مقرر کیے گئے ہیں۔ کیتھڈرل چرچ کے پادری شاہد معراج نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو سراہا ہے، وہ کہتے ہیں کہ 15 سال بعد انہیں یہ حق ملا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق میرج سرٹیفکیٹ نئے شادی شدہ جوڑے کو جاری ہوگا جبکہ مسیحی برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے سے شادی شدہ مسیحیوں کا بھی یونین کونسلز میں اندراج کیا جائے۔