دنیا
04 اکتوبر ، 2015

فرانسیسی شہر نیس میں بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی

فرانسیسی شہر نیس میں بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی

پیرس…رضا چوہدری… فرانس کے ساحلی شہروں خاص کر نیس میں شدید طوفان اور سیلاب سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔ طوفانی ہواوٴں کے باعث درجنوں گاڑیاں ایک دوسرے سے جاٹکرائیں جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ تین افراد کی ہلاکت سیلابی پانی میں ڈوب کر ہوئی جبکہ پانچ افراد گاڑیوں کو پارک کرنے کے دوران ایک شیلٹر گرنے سے ہلاک ہوئے ۔

بارش کا آغاز ہفتے شام کو ہوا جبکہ اتوار تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ طوفان نے رات گئے تک تباہی پھیلا دی تھی۔ ادھر دریا یویر کی سطح بھی بارش کے پانی کے سبب بلند ہوگئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے گئی شاہراوٴں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔

طوفان کی شدت اور بارش کی تباہی کے سبب موٹر وے بھی بند کرنا پڑا جس سے سینکڑوں سیاحوں نے نیس ایئر پورٹ اور ریلوے اسٹیشنز پر رات بسر کی۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیس سٹی میں صرف دو روز میں اوسطاً سالانہ بارش کے دس فیصد کے برابر بارش ہو چکی ہے۔

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اور وزیر اعظم مانیوئیل نے متاثرین سے ہمدردی اور ان کی مدد کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دونوں کی جانب سے فوری امداد کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

مزید خبریں :