04 اکتوبر ، 2015
کوپن ہیگن …شفقت علی رضا… ڈنمارک میں پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی ایسوسی ایشن ” یونائٹ فار ہیومینٹی “ کے زیر اہتمام سندھ کے علاقے ”تھر“ کے رہائشیوں کی امداد کے لئے ایک چیرٹی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی تھے ۔
پروگرام کے پہلے حصے میں پاکستان سے آئی پپس ا سکول سسٹم کی چیئر پرسن مسز توقیر خالد ،عباس رضوی ،شوکت علی ، شفیق بیگ نے خطاب کیا جس میں انہوں نے انسانیت کی خدمت کرنے پر زور دیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ فلاح وبہبود کاکام کرنے والی تنظیم ” یونائٹ فار ہیومنٹی “ہمیشہ سے ہی پاکستان میں ضرورت مند ، بے سہارا اور مستحق لوگوں کی امداد کے لئے کوشاں نظر آئی ہے ۔اس تنظیم کی سربراہ مسز افشاء بیگ نے عورت ہوکر امدادی کاموں کے میدان میں قدم رکھا جو ہم سب کے لئے ایک مثال ہے کہ پاکستانی عورت ہر میدان میں مردوں کے ہم پلہ ہے ۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی انصار برنی نے کہا کہ ہمیں دنیا بھر میں جاری مسائل کے حل کے لئے ایک ہونے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف انڈیا اور دوسری مذموم شازشوں کی سرکردہ طاقتیں غلط اور منفی پراپیگنڈہ کر رہی ہیں۔پاکستان دہشت گرد نہیں بلکہ وہ ملک تو خود دہشت گردی کا شکار ہے،پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے ممالک کو محفوظ کرنے کے لئے پاک آرمی اور پاکستانی عوام نے ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے جس کی مثال تاریخوں میں یاد رکھی جائے گی ۔
چیرٹی پروگرام میں انصار برنی کے ہاتھوں ان شخصیات کو تعریفی اسناد دی گئیں جنہوں نے انسانیت کی خدمت اور ایسے نوبل کاز کے لئے ترتیب دیئے گئے پروگرامز کے انعقاد میں ہمیشہ تعاون کیا ۔
پروگرام کی میزبانی کے فرائض افشا بیگ اور ریحان کیانی نے ادا کئے ۔اس حصے میں چیرٹی باکس رکھا گیا جس میں شرکاء نے دل کھول کر” تھر“ کے لوگوں کے لئے امداد دی ۔
پروگرام کا دوسرا حصہ محفل موسیقی کے لئے مختص تھا جس میں ہامینہ شاہ ،وقار ایکس ، ساما بلیک ،فراز یوسف زئی ،پرنس فیبولس اور سردار رنجیت ٹپیالہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور خوب داد سمیٹی ۔