22 مئی ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے نکالی جانیوالی ریلی کی آڑمیں معصوم شہریوں پر اندھادھندگولیاں برساکر خاتون اوربچوں سمیت متعددمعصوم شہریوں کوخون میں نہلانے اورشہرکی مختلف مارکیٹوں، دکانوں اورگاڑیوں کونذرآتش کرنے کی شدیدمذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ آج کراچی میں عوام کے مستردکردہ جرائم پیشہ گروپوں کی جانب سے جوریلی نکالی گئی اس کی آڑمیں باقاعدہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پہلے فائرنگ کرائی گئی اورپھراس کوجوازبناکرظلم وبربریت کابازارگرم کیاگیا،بولٹن مارکیٹ ، جوڑیابازار، ڈینسوہال، پان منڈی، کھارادر اورقریب کے علاقوں میں قائم مارکیٹوں پر حملے کئے گئے ، معصوم راہگیروں، دکانداروں پر اندھادھندگولیاں چلائی گئیں، دکانوں اورمارکیٹوں میں کھڑی ہوئی گاڑیوں کوآگ لگائی گئی۔دستی بموں،راکٹ لانچروں اوردیگر جدید و خودکارہتھیاروں سے شہریوں کی املاک اورتھانوں پر حملے کئے گئے۔ دہشت گردوں کی اس وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اوربچے سمیت متعددمعصوم وبے گناہ افرادشہیداورزخمی ہوئے۔اس مسلح دہشت گردی میں وہی عناصرملوث ہیں جو گزشتہ دنوں بھی راکٹ لانچروں، دستی بموں اور دیگر ہتھیاروں سے پولیس سے برسرپیکارتھے۔ رابطہ کمیٹی نے اس مسلح دہشت گردی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کے عوام کے مسترد کردہ عناصرنے آج ریلی کی آڑ میں جس طرح کراچی کوآگ اورخون میں نہلایاہے اس سے ثابت ہوگیاہے کہ آج سندھ سے محبت کے نام پرجو ریلی نکالی گئی وہ ایک منظم سازش کا حصہ تھی جس کا مقصد سندھ سے محبت کااظہارنہیں بلکہ دراصل سندھ کے دارالخلافہ کراچی کو آگ اورخون میں نہلاناتھا۔کراچی کوآگ اورخون میں نہلا کر سندھ سے محبت نہیں بلکہ سندھ سے کھلی دشمنی کی گئی ہے۔رابطہ کمیٹی نے اس امرپربھی افسوس اورتشویش کااظہارکیا کہ مسلح دہشت گردوں کی نکالی گئی اس ریلی کے موقع پر شہریوں کو آگ اورخون میں نہلانے والے دہشت گردوں کے خلاف پولیس، رینجرز اورقانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے فوری طورپرکوئی موثرکارروائی نہیں کی گئی۔رابطہ کمیٹی نے کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق ہونیوالی خواتین،معصوم بچی سمیت تمام افرادکے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیا اور دعاکی کہ اللہ تعالیٰ تمام جاں بحق ہونے والے افرادکواپنی جواررحمت میں جگہ دے اور سوگوارلواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری،وزیر اعظم سیدیوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ریلی کی آڑمیں خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے اور شہریوں کوجان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے۔رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کی تمام تردہشت گردیوں کے باوجوداپنے جذبات قابو میں رکھیں اورپرامن رہیں۔