22 مئی ، 2012
ملتان… نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب چوہدری عزیز لطیف کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے 27 مئی کو بعد نماز ظہر قائد اعظم کے مزار سے لانگ مارچ کا آغاز ہوگا جو 6 جون کو اسلام آباد پہنچے گا،یہ بات انہوں نے ملتان میں جماعت اسلامی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انکا کہناتھا کہ کراچی سے اسلام آباد تک یہ لانگ مارچ ہر شہر اور گاؤں سے گزرے گا اور عوام میں یہ شعور بیدار کرے گا کہ ملک کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا اصل ذمہ دار امریکا ہے اور نیٹو سپلائی کو بند رکھ کر امریکا سے برابری کی سطح پر بات کی جا سکتی ہے۔ انکا کہناتھا کہ پاکستان ابتک امریکا کی جنگ لڑ کر 95 ارب ڈالر کا مالی تجارتی نقصان اٹھا چکا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ شکاگو کانفرنس میں امریکی صدر اور نیٹو قیادت نے صدر آصف زرداری سے ملاقات نا کر کے ایک مرتبہ پھر پاکستانی وقار کی تذلیل کی ہے اور یہ صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ عوامی موقف اور احتجاج کا برملا اور دو ٹوک اظہار کیا جائے