پاکستان
22 مئی ، 2012

قتل و غارت پر سندھ حکومت کو بے بسی ظاہر کرنے کا حق نہیں،اسفندیارولی

 قتل و غارت پر سندھ حکومت کو بے بسی ظاہر کرنے کا حق نہیں،اسفندیارولی

کراچی… عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار خان ولی خان نے کہا ہے کہ کراچی اسلحے کا ڈھیر بن چکا ہے، قتل و غارت پر سندھ حکومت کو اپنی بے بسی ظاہر کرنے کا کوئی حق نہیں۔اسلام آباد سے جاری بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کا پہلے دن سے مطالبہ رہا ہے کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کیا جائے،ورنہ امن ممکن نہیں۔ اے این پی بے گناہ انسانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتی ہے سندھ حکومت کو بے بسی کا اظہار کرنے کا حق نہیں، کراچی وزیرستان نہیں کہ درجنوں افراد کو سر عام شہید کر دیا جائے۔اے این پی سندھ کے صدر اور سینیٹر شاہی سید نے کراچی میں فائرنگ کے واقعات کی عدالتی تحقیقات اور جئے سندھ متحدہ محاذ کے رہ نما مظفر بھٹو کی ہلاکت میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی میں باچا خان مرکز سے جاری بیان میں صدر اے این پی سندھ اور سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 10سے زائد افراد کی ہلاکت اور30سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود اپنے شہیدوں کی یاد میں جلسہ نہیں کرسکتے۔ایسا لگتا ہے کہ شہر کا کنٹرول ریاستی گرفت سے نکلتا جارہا ہے۔سینیٹر شاہی سید نے جیے سندھ متحدہ محاذ کے جنرل سیکریٹری مظفر بھٹو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمے داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں :