21 اکتوبر ، 2015
اسلام آباد .......گلگت بلتستان کے شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں3 روز کی بارش کے بعد موسم سرد ہے ۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر اور استور میں وقفے وقفےسے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے ، جس سے علاقے میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، برف باری کی وجہ سے بالائی علاقوں کے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔
بلوچستان کے شمالی علاقوں چمن ،پشین ،زیارت اور ژوب میں تین روز کی بارش کے بعد موسم سرد ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
مالاکنڈ ڈویژن،گلگت بلتستان،کشمیر اور اس سےملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔