23 اکتوبر ، 2015
واشنگٹن........ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہورہی ہے ، پاکستان امریکا کا پرانا دوست ہے ، واشنگٹن کا دورہ امریکا سے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ہے۔
وزیراعظم نوازشریف امریکی تھنک ٹینک سےخطاب کےلیے یوایس انسٹیٹیوٹ آف پیس پہنچے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور دہشت گردی کا مقابلہ کیا گیا ہے،حکومت نے دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کے خلاف بھی مہم شروع کی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے لڑنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا، حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث معاشی استحکام آیا، پاکستان کی معاشی ترقی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، موڈیز اور اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز نے پاکستانی ریٹنگ بہتر کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملکوں سے بہتر تعلقات سے خطے میں امن وامان بہتر ہوگا، پاکستان افغانستان میں ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کےبعدوزیراعظم پاکستان روانہ ہوجائیں گے جبکہ مشیرخارجہ سرتاج عزیزدورےسےمتعلق میڈیاکوبریفنگ دیں گے۔