24 اکتوبر ، 2015
دبئی......انگلینڈ کیخلاف دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے تین سو اٹھاون رنز کی مجموعی برتری حاصل کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے ۔
دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیل کے تیسرے دن انگلش بیٹسمین جو روٹ اور جونی بیئراسٹو نے نامکمل اننگز ایک سو بیاسی رنز تین کھلاڑی آئوٹ سے دوبارہ شروع کی ،مگر پاکستانی بولرز یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے انگلش بیٹنگ لائن کو لنچ سے قبل ہی چلتا کردیا ۔
انگلینڈ کے باقی بیٹسمین اسکور میں صرف ساٹھ رنز کا اضافہ ہی کرسکے اور اسکی پوری ٹیم پہلی اننگز میں دو سو بیالیس رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ،وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے چار ، چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔
پہلی اننگز میں ایک سو چھتیس رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کا دوسری اننگز میں آغاز اچھا نہ تھا، شان مسعود اور اور شعیب ملک سات رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،محمد حفیظ بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہی آئوٹ ہوگئےاورپاکستانی ٹیم تیراسی رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی
تاہم اس کے بعد یونس خان اور مصباح الحق نے انگلش بولرز کو بے بیس کردیا اورکھیل کے اختتام تک اسکور دو سو بائیس رنز تک پہنچا دیا جس کے بعد پاکستان کی مجموعی بر تری تین سو اٹھاون رنز ہو گئی ہے۔
دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہواتو مصباح الحق 87 اور یونس خان71 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے ۔