24 اکتوبر ، 2015
لاہور.......پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے نجم سیٹھی کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ ممبئی میں بھارتی بورڈ کے صدر، اپنی اور شہریار خان کی اہلیہ کے ذریعے پیغام رسانی کر رہے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور نجم سیٹھی بھارت سے دو دو ہاتھ کرنے گئے تھے کہ ہاں بھئی پاکستان سے سیریز کھیل رہے ہیں یا نہیں ، لیکن لوٹ کے جب یہ گھر کو آئے تو ان کے آپس کے بیان ہی آپس میں نہیں مل رہے۔
شہر یار کہتے ہیں کہ بھارتی بورڈ کے سربراہ نے انہیں اکیلا چھوڑ دیا تھا اور کوئی رابطہ نہیں تھا۔ اس کی تردید کی نجم سیٹھی نے اور کہہ دیا کہ نہیں رابطہ تو تھا، بھارتی بورڈ کے صدر اپنی بیگم کے ذریعے ہر بات شہریار خان کی بیگم کوبتارہے تھے اور وہ ہر بات شہریار خان کو بتار ہی تھیں۔
لیکن اب شہر یار خان نے نجم سیٹھی کے اس دعوے کی کھلی تردید کردی ہے اور صاف صاف کہا ہےکہ ان کی اہلیہ کسی بیک چینل ڈپلومیسی اور کرکٹ تعلقات کی بحالی میں شامل نہیں تھیں ۔ ان کی اہلیہ کو ششانک منوہرکی بیوی نے صرف ممبئی میں شاپنگ کی دعوت دی تھی، دعوت قبول کرکے اور واقعے سے پہلے ان کی بیوی جوتے خریدنے گئی تھیں۔
اس موقع پر شہر یار خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر دو طرفہ سیريز پر دو چار روز میں بھارت کا جواب نہ آيا تو پھر پاک بھارت کرکٹ سیريز کو ختم ہی سمجھیں ۔