26 اکتوبر ، 2015
کراچی .......جیو ٹی وی کی کوششیں رنگ لے آئیں ، 15 سال قبل غلطی سے سرحد عبور کر کے پاکستان آنے والی گیتا آج وطن واپس روانہ ہوگئی، روانگی سے قبل گیتا نے اپنے مخصوص انداز میں میڈیا اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
گیتا آج صبح سویرے کھارادر میں واقع ایدھی ہوم سے کراچی ائیر پورٹ پہنچی، جہاں سے وہ پی آئی اے کی پر واز پی کے 272 کے لیے نئی دہلی روانہ ہوگئی ، کراچی سے روانگی کے ایک گھنٹا 50 منٹ بعد پروازنئی دہلی لینڈ کرے گی۔
گیتا کے ہمراہ بلقیس ایدھی، صبا ایدھی اور سعد ایدھی بھی بھارت جا رہے ہیں ، ایدھی ہوم سے روانگی کے وقت گیتا کافی خوش دکھائی دے رہی تھی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گیتا کے معاملے کو سرکاری سطح پر اٹھانے پر میڈیا کے شکرگزار ہیں، گیتا سے بھارت میں بھی رابطے رہیں گے۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس کے اصل خاندان کے ملنے تک اسے بھارت کے کسی ادارے میں رکھاجائے گا ۔
قوت گویائی اور سماعت سے محروم بھارتی لڑکی گیتا تقریباً 13 سال پہلے سرحد عبور کر کے پاکستان آئی تھی، جسے پولیس نے ایدھی ہوم کے حوالے کردیا تھا ۔
کراچی میں بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے گیتاسے گذشتہ روزالوداعی ملاقات کی، بھارتی ہائی کمیشن نے گیتا کو پیپر پر ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا۔
جیو نیوز نے سب سے پہلے 2012 میں گیتا کی ایدھی سینٹر میں موجودگی کی خبر دی تھی جبکہ گیتا کی وطن واپسی کے سلسلے میں جیو نیوز وقتا ًفوقتاً خبریں اور پروگرام نشر کرتا رہا۔ بولنے اور سننے سےمحرومی کے سبب بھارتی لڑکی کا اصل نام معلوم نہیں ہو سکا ہے اس لئے ایدھی سینٹر نے اس کا فرضی نام گیتا رکھا۔