26 اکتوبر ، 2015
بھارتی لڑکی گیتانئی دہلی پہنچ گئی
کراچی .......جیو ٹی وی کی کوششیں رنگ لے آئیں ، 15 سال قبل غلطی سے سرحد عبور کر کے پاکستان آنے والی گیتا واپس اپنے وطن بھارت پہنچ گئی، گیتا پی آئی اے کی پرواز پی کے 272کے ذریعے نئی دہلی پہنچی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی ایئرپورٹ پربھارتی حکام نے گیتا کا استقبال کیا، گیتا کے رشتہ داربھی ایئرپورٹ پر موجود تھے، گیتا کو ایئرپورٹ سے بھارتی وزارت خارجہ لے جایا جائے گا ، جہاں گیتا کے والد بھی موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں گیتاکاڈی این اےٹیسٹ ہوگا، جبکہ گیتا کے والدین کے ڈی این اے سیمپل پہلے ہی لیے جاچکے ہیں۔
اس سے قبل گیتا آج صبح سویرے کھارادر میں واقع ایدھی ہوم سے کراچی ائیر پورٹ پہنچی، جہاں سے وہ پی آئی اے کی پر واز پی کے 272 کے لیے نئی دہلی روانہ ہوئی۔
گیتا کے ہمراہ بلقیس ایدھی، صبا ایدھی اور سعد ایدھی بھی بھارت گئی ہیں ، ایدھی ہوم سے روانگی کے وقت گیتا کافی خوش دکھائی دے رہی تھی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گیتا کے معاملے کو سرکاری سطح پر اٹھانے پر میڈیا کے شکرگزار ہیں، گیتا سے بھارت میں بھی رابطے رہیں گے۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس کے اصل خاندان کے ملنے تک اسے بھارت کے کسی ادارے میں رکھاجائے گا ۔
قوت گویائی اور سماعت سے محروم بھارتی لڑکی گیتا تقریباً 13 سال پہلے سرحد عبور کر کے پاکستان آئی تھی، جسے پولیس نے ایدھی ہوم کے حوالے کردیا تھا ۔
کراچی میں بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے گیتاسے گذشتہ روزالوداعی ملاقات کی، بھارتی ہائی کمیشن نے گیتا کو پیپر پر ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا۔
جیو نیوز نے سب سے پہلے 2012 میں گیتا کی ایدھی سینٹر میں موجودگی کی خبر دی تھی جبکہ گیتا کی وطن واپسی کے سلسلے میں جیو نیوز وقتا ًفوقتاً خبریں اور پروگرام نشر کرتا رہا۔ بولنے اور سننے سےمحرومی کے سبب بھارتی لڑکی کا اصل نام معلوم نہیں ہو سکا ہے اس لئے ایدھی سینٹر نے اس کا فرضی نام گیتا رکھا۔