27 اکتوبر ، 2015
اسلام آباد......اسلام آباد کے مجسٹریٹ کی عدالت نے ڈی جے بٹ کے خلاف دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں پولیس کو چالان مکمل کرنے اور تفتیشی افسرکو ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا ۔
تھانہ سیکریٹریٹ کے علاقہ مجسٹریٹ وقاص رشید نے ڈی جے بٹ کے خلاف کیس کی سماعت کی ۔ ملزم خود عدالت حاضر ہوا اور بتایا کہ ان کے وکیل مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو رہے۔ انہوں نے نئے وکیل کا وکالت نامہ پیش کر دیا ۔ ڈی جے بٹ نے کہا کہ انہیںتفتیشی افسر کا علم ہے اور نہ ہی مقدمے کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے۔
مجسٹریٹ نے کہا کہ انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔عدالت نے کیس کے تفتیشی افسرکوحکم دیا کہ ملزم ڈی جے بٹ کو شامل تفتیش کر کے آج ہی بیان ریکارڈ کیا جائے اور پولیس آئندہ سماعت تک مکمل چالان پیش کرے ۔ کیس کی مزید سماعت 17 نومبرکو کی جائے گی ۔