27 اکتوبر ، 2015
اسلام آباد......پلڈاٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کو سب سے زیادہ قابل اعتماد لیڈر قرار دیا،مگر ایک ہفتے بعد ہی وفاقی حکومت کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دے دیا۔
عمران خان مقبولیت میں تیسرے نمبر کے لیڈر قرار دیے گئے تھے تاہم خیبر پختونخوا کی حکومت کو کارکردگی میںپہلا نمبر دے دیا گیا ۔
پلڈاٹ نے قومی لیڈرز اور حکومتوں کی کارکردگی سے متعلق سروے کا دوسرا حصہ جاری کر دیا ہے ۔سروے کے اس حصے میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 2سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا ہے ۔
وفاقی حکومت کے طرز حکمرانی کے لیے 30 جبکہ صوبائی حکومتوں کے لیے 28 اعشاریے مقرر کیے گئے تھے۔خیبر پختونخوا کی حکومت کی کارکردگی کو 28 میں سے 18 اعشاریوں میں مثبت رہنے پرسب سے بہتر قرار دیا گیا ہے ۔
پنجاب حکومت 8 ا عشاریوں میں مثبت رہی اور کارکردگی میں دوسرانمبر ملا۔سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں دو، دو اعشاریوں میں مثبت درجہ بندی حاصل کر سکیں۔سروے نتائج کے مطابق مجموعی مقبولیت میں پنجاب حکومت 76 فیصد پسندیدگی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ۔
خیبرپختونخوا حکومت 38 فیصد مقبولیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر،سندھ 30 فیصد مقبولیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور بلوچستان 28 فیصد مقبولیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
سروے نتائج کے مطابق وفاقی حکومت کے طرز حکمرانی پر عوام نے 30 اعشاریوں میں سے صرف 6 میں مثبت رائے دی۔عوام نے وزیر اعظم کی سربراہی میں وفاقی حکومت کی کارکردگی کو 24 اعشاریوں میںکمزور یا انتہائی کمزور قرار دیا ۔