پاکستان
28 اکتوبر ، 2015

ٹی سی پی اکائونٹ سے جعلی دستخط سےرقم نکلوانے کے کیس کی سماعت

ٹی سی پی اکائونٹ سے جعلی دستخط سےرقم نکلوانے کے کیس کی سماعت

کراچی .....افضل ندیم ڈوگر..... کراچی میں جعلی دستخط کے ذریعے ٹریڈنگ کارپوریشن کے اکاؤنٹ سے سوا 2 کروڑ روپے نکلوانے کے الزام میں گرفتار سندھی اخبار کے چیف ایڈیٹر سمیت 3 ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت سندھ ہائیکورٹ نے 3 نومبر تک ملتوی کردی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل میں 3 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انسپکٹر احمد جان کے مطابق آڈٹ کے دوران ٹریڈنگ کاررپوریشن آف پاکستان کے بینک اکاؤنٹ سے مختلف اوقات پے آرڈرز جاری کرانے کا انکشاف ہوا تھا، جس کی تحقیقات ایف آئی اے کے حوالے کی گئیں۔

تفتیش کے دوران 73 لاکھ روپے مالیت کا ایک پے آرڈر سال 2008ءمیں، 87 لاکھ روپے کا دوسرا پے آرڈرسال 2011ء میں اور 65 لاکھ روپے مالیت کا تیسرا پے آرڈر سال 2014 جاری کرایا گیا، تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ٹی سی پی کے اکاؤنٹینٹ موہن لال اور ملازم رضا شاہ کی ملی بھگت سے یہ جعل سازی کی گئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ پے آرڈرز منگل داس نامی شخص کے بینک اکاؤنٹس میں کیش کرائے گئے، منگل داس جو دو سندھ اخبار کے چیف ایڈیٹر ہیں کے مختلف بینک اکاؤنٹس سے شواہد مل گئے، جس پر تینوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق سماعت کے دوران ملزمان کا وکیل پیش نہیں ہوا، جس بنا پر سندھ ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواست کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

مزید خبریں :