پاکستان
28 اکتوبر ، 2015

کراچی: حیدری میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کراچی: حیدری میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کراچی .....کراچی کے علاقے حیدری میں گزشتہ روز قتل کیے جانے والے 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

دونوں کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت 2نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واردات ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔

گارڈن ہیڈکوارٹرز میں پولیس اہلکاروں اسلم اور شاہنواز کی نماز جنازہ میں آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، کراچی پولیس چیف سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں شہید اہلکاروں کو سلامی پیش کی گئی ۔

پولیس اہلکار اسلم اورنگی ٹاون جبکہ شاہنواز عزیز آباد کا رہائشی تھا، اس سےقبل دونوں اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ نارتھ ناظم آباد تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت 2نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام بتاتے ہیں کہ دونوں اہلکار جیونیوز کے شہید رپورٹرولی خان بابر قتل کیس کی تیاری کرنے والے مقتول پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کے اہلخانہ کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔

ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ 18 اور 26 جنوری کو ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملے میں بھی استعمال کیا جاچکا ہےجبکہ اسی اسلحے سے نیوٹاون میں پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق دونوں اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے،رواں سال اب تک ایس ایس پی اور ڈی ایس پیز سمیت 61اہلکاروں کو گھات لگاکر قتل کیاجاچکا ہے۔

مزید خبریں :