پاکستان
23 مئی ، 2012

عوام کے پاس جائیں گے، ان کا حق ہے قبول کریں یا مسترد، وزیراعظم

عوام کے پاس جائیں گے، ان کا حق ہے قبول کریں یا مسترد، وزیراعظم

اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ترقی کیلئے موجودہ حکومت کا تسلسل ضروری ہے، اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جانا چاہتے ہیں، ان کا حق ہے وہ ہمیں قبول کریں یا مسترد۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے اور شہر کا میئر ہوگا جس کی ایک حیثیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی جمہوری حکومت ہے جس نے سوا 4 سال پورے کیے اور پانچواں بجٹ پیش کررہی ہے، جن کے دشمن زیادہ ہوں وہ بڑے لوگ ہوتے ہیں، ہم پر تنقید ہو تو خندہ پیشانی سے برداشت کرتے ہیں اگر وہ ہم پر تنقید نہ کریں تو ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ناراض ہیں، جب عوام کہتے ہیں کہ اگلی باری پھر زرداری تو یہ ڈرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس میں کوئی سیاسی قیدی نہیں، جو اقتدار کی منتقلی پرامن اور درست سمت میں کرے گی، اس سے پہلے وزرائے اعظم کو وزیراعظم ہاوٴس سے دھکے دے کر نکالا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر آئینی، غیر اخلاقی اور چور دروازے سے حکومتیں اب نہیں بدلا کریں گی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے گرلز کالج اور ایک اسپتال بنانے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :