24 مئی ، 2012
کراچی … کراچی میں جاری قومی اسنوکر چیمپئن شپ میں سابق چیمپئنز محمد یوسف اور خرم آغا کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسلام آباد کے یاسر نوید نے سابق قومی چیمپئن آصف ٹوبہ کو شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔ چیمپئن شپ کے چوتھے روز سابق قومی نمبر ون خرم آغا نے سابق جونیئر چیمپئن عمیر عالم کو ایک فریم بھی جیتنے کا موقع دیئے بغیر باآسانی 4-0 سے فتح اپنے نام کی۔ محمد یوسف نے بلوچستان کے ظہور احمد کیخلاف ایک فریم ڈراپ کرتے ہوئے بیسٹ آف سیون فریمز میں فتح اپنے نام سمیٹی۔ یاسر ندیم نے آصف ٹوبہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 فریم سے شکست دیدی۔ دیگر میچوں میں شہرام چنگیزی، محمد اکمل، محمد اشتیاق، محمد بلال، جاوید انصاری اور فرخ عثمان بروہی نے بھی کامیابی حاصل کرلی۔