06 نومبر ، 2015
لاہور.......نومنتخب رکن قومی اسمبلی ایاز صادق نےکہاہےکہ ان پرلگائی گئی تہمتوں اورالزامات کاازالہ عوام کی عدالت سے ہوگیا، دھرنے والوں نے وزیراعظم یا کسی اورکانہیں،ملک کا نقصان کیا، انہیں اس کی ذمہ داری اٹھاناپڑے گی ۔
کنٹینر سےدھاندلی شدہ اسپیکر کہاگیا،لیکن اللہ اور عوام نےسرخرو کردیا۔کنٹینر سے جب باتیں ہوتی تھیں تو میرے منہ میں بھی زبان تھی،لیکن کبھی اصول پرستی اور شرافت کا دامن نہ چھوڑا، جج صاحب نے میرے خلاف اپنے فیصلے میں دھاندلی کا ذکر تک نہ کیااورانتخابی بدانتظامیوں کی بنیاد پر ڈی سیٹ کردیا ، یہ کہناتھا نومنتخب رکن اسمبلی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کا۔
اس سے پہلے جب وہ قومی اسمبلی میں داخل ہوئےتو مسلم لیگ ن کےارکان نے کھڑے ہو کر اور ڈیسک بجاکر استقبال کیا۔ساتھی ارکان نے گلے لگا کرمبارک باد دی ۔دیکھو دیکھو کون آیا ،شیر آیا شیر آیا کے نعرے بھی لگے۔ قائم مقام اسپیکر نے ان سے حلف لیا اور انہیں بولنے کا موقع بھی دیا۔
سردارایازصادق نےکہا کہ یہ بھی عجیب ہےکہ کوئی دوسرا اسٹے آرڈر لے تو کہتے ہیں عدالتوں کے پیچھے چھپتے ہیں، جب وہ خود حکم امتناع لیں تووہ حلال ہے۔ اس موقع پرحکومتی نشستوں سے شیم شیم کی آوازیں بلند ہوئیں تو ایاز صادق نے منع کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنے بچوں کو ایسی زبان نہیں سکھانی جو کنٹینر پر استعمال ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ دھرنے والوں نے ملکی معیشت کا پہیہ چلنے سے روکا،چینی صدر کی آمد کو روکا،اقتصادی نقصان کیا ، ان کی ذات، اولاد ، خاندان اورجماعت پر الزامات لگائے، اس کا ازالہ کون کرےگا ؟