07 نومبر ، 2015
سری نگر.........بھارتی وزیر اعظم ، نریندر مودی سری نگر پہنچ گئے ہیں،اُن کی آمد کے خلاف مقبوضہ وادی میں کاروبار زندگی معطل ہے،سری نگر سیکورٹی حصار میں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی سری نگر پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ جلسے سے خطاب کررہے ہیں ،نریندر مودی یہاں بجلی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے، بڑی تعداد میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو نظر بند کردیا گیا ہے۔
مودی کی آمدپر سرینگر فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کر رہا ہے،پورا شہر سیکورٹی حصار میں اور اہم علاقوں کو کو خاردار تاروں اور رکارٹوں سے بند کر دیا گیا ہے،جہاں سیکورٹی اہلکار گشت کر رہے ہیں ۔ جلسے کے مقام پر بھی سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں دکانیں،کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند ہیں اور شہری گھروں میں محصور ہیں۔بھارتی وزیر اعظم کی آمد کے خلاف حریت رہنما سید علی گیلانی نے آج ملین مارچ کا اعلان کیا تھا، مارچ سے قبل ہی قابض انتظامیہ نے بڑی تعداد میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو نظر بند کردیا ہے۔
کشمیر اسمبلی کے آزاد رکن انجینئر رشید کو نریندر مودی کی آمد سے قبل وزیر اعظم کے خلاف سیاہ جھنڈے لہرانے پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کی مقبوضہ کشمیر آمد کے خلاف مظفرآباد کےسنٹرل پریس کلب کے احاطہ میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا اس موقع پر سید علی گیلانی نے سرینگر سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سات لاکھ بھارتی فوج اور ایک لاکھ پولیس کو وسیع اختیار دے کر وادی کو عملا جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
بھارت کشمیریوں کا حق آزادی زیادہ دیر تک دبا کر نہیں رکھ سکتا ۔کشمیری اپنی منزل پر پہنچ کر دم لیں گے ۔آج ملین مار چ ہوگا اور دنیا جان لے گی کہ کشمیری کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے مظفر آباد میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت ہندوستان میں فسادات کرنے کی ذمہ دار ہے،جس میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں ان سے ملاقات کرنا کاپاکستانیوں کا حق ہے ہم بھارتی اعتراض کو مسترد کرتے ہیں،ارون دھتی رائے اور دیگر بھاتی مصنفوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اپنے ایوارڈ واپس کر کے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما علی شاہ گیلانی کی کال پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سری نگر کے خلاف کُل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔