07 نومبر ، 2015
پشاور.........پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے لاہور اور پشاور کے بعد کراچی میں بھی کینسر اسپتال قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ پشاور کا اسپتال 51 دن بعد کام شروع کرے گا۔ اسپتال کو مکمل کرنے کے لئےہمیں 80 کروڑ روپے درکار ہیں۔
پشاور کا شوکت خانم میموریل اسپتال کی تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے فنڈریزنگ میں ہماری بڑی مدد کی ہے۔سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، میڈیا کے نمائندوں اور طلبا سے فنڈ جمع کرنے کی اپیل کروں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ ڈھانچے میں اسپتالوں کو ترقی دینے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔سزا اور جزا کا قانون ضروری ہے، اچھا کام کرنے والوں کو جزا اور کام نہ کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے ڈاکٹروں سے مشاورت کی گئی ہے۔ڈاکٹروں کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے صرف چند لوگ روڑے اٹکارہے ہیں۔ہم نے عوام سے مینڈیٹ لیا ہے، قانون کے مطابق ایکٹ پاس کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے تمام جائز مطالبات پر غور کے لئے تیار ہیں۔ لیکن بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔