کاروبار
24 مئی ، 2012

پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے خواہاں ہیں، امریکی قونصلیٹ جنرل

پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے خواہاں ہیں، امریکی قونصلیٹ جنرل

فیصل آباد … امریکی قونصلیٹ جنرل مس نینا ماریا فائٹ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی معیشت میں بہتری کیلئے توانائی اور زراعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے، امن و امان کی صورتحال کے باعث امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہچکچا رہے ہیں تاہم امریکی قونصلیٹ پنجاب میں بہتر حالات سے آگاہ کرکے انہیں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں صنعتکاروں کے ساتھ ملاقات میں امریکی قونصلیٹ جنرل مس نینا ماریا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے باعث درپیش مشکلات کے حل کیلئے امریکا ٹیکنالوجی کے حصول میں پاکستانی صنعتکاروں کو رہنمائی فراہم کرے گا اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے امریکا پاکستانی بزنس کمیونٹی کو آسان طریقہ کار اور مختصر وقت میں ویزا فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہ امریکا پاکستان میں توانائی بحران کے حل، زراعت، صحت اورتعلیم کے شعبوں کے علاوہ سماجی بہبود کے منصوبوں پر یو ایس ایڈ کے تحت قابل قدر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے صنعتکاروں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کار پرامن ماحول، قانون کی حکمرانی کو ترجیح دیتے ہیں اور امریکی قونصلیٹ پنجاب کے حالات کے بارے میں امریکی کمپنیوں کو آگاہی فراہم کرکے انہیں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر قونصل آفیسر کرسٹوفر ووگٹ نے صنعتکاروں کو ویزوں کے حصول کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید خبریں :