24 مئی ، 2012
پشاور … عوامی نیشنل پارٹی نے وزیر اعظم کی نا اہلی کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کی تائید کر تے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن بھی اسپیکر کے فیصلے کو تسلیم کرلے، اداروں میں تصادم ہوا تو نقصان سب کا ہوگا۔ ترجمان اے این پی سینیٹر زاہد خان نے جیو نیوز سے گفت گو میں کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جو فیصلہ کیا ہے، اس کا انہیں آئینی اور قانونی اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم کی نااہلی کا معاملہ ختم ہو جانا چاہئے، اپوزیشن بھی اسپیکر کے فیصلے کو تسلیم کرے اور ایسا ماحول پیدا نہ کرے جس سے جمہوریت کے ڈی ریل ہونے کا کوئی خطرہ پیدا ہو۔ زاہد خان نے کہا کہ ملک پہلے ہی مسائل میں گھرا ہوا ہے، مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، اگر اداروں میں تصادم ہوا تو نقصان سب کا ہو گا۔