پاکستان
24 مئی ، 2012

میدانی علاقوں میں گرمی بڑھ گئی، 24 گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان

میدانی علاقوں میں گرمی بڑھ گئی، 24 گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان

اسلام آباد … ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بتدریج بڑھ رہی ہے، دادو میں درجہ حرارت 48.5 جبکہ لاڑکانہ میں 48 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں دن بھر لو چلتی رہی، سورج بھی آگ برساتا رہا، شدید گرمی کے باعث بیشتر شہروں میں کاروباری مراکز ویران اور سڑکیں سنسان رہیں، گھروں سے باہر موجود لوگ درختوں کے سائے تلاش کرتے رہے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں برف اور ٹھنڈے مشروبات کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگیا، جمعرات کے روز دادو میں سب سے زیادہ گرمی پڑی، جہا ں درجہ حرارت 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا، لاڑکانہ میں 48، پڈعیدن میں 47.5، جیکب آباد میں 46.5، نوابشاہ اور سبی میں46، سکھر، بہاولنگر اور روہڑی میں 45.5 جبکہ خانپور اور بہاولپور میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ملتان میں 44، حیدرآباد، جہلم، فیصل آباد اور سرگودھا میں 43، لاہور، گوجرانوالہ اور منڈی بہاوٴالدین میں 42 جبکہ سیالکوٹ میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد میں 38، پشاور میں 37، کراچی 35، کوئٹہ 34 اور مری میں درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کوئٹہ، ژوب، قلات، پشاور، مالاکنڈ، ڈی آئی خان اور بنوں ڈویژن کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بالائی سندھ، جنوبی پنجاب اور بالائی بلوچستان میں بھی کہیں کہیں گرد آلود ہواوٴں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید خبریں :